شہری و بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے کوشاں 021-34918201   info@jipublicaid.com
پبلک ایڈ قیادت

سیکریٹری جنرل کا پیغام

عوامی خدمت، شہری ذمہ داری اور پبلک ایڈ ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز پر پیغام۔

پبلک ایڈ جماعت اسلامی کراچی روز اول سے خلق خدا کی خدمت خالق کی رضا کے لیے کے اصول پر کاربند ہے۔ مسائل انسانی زندگی کا جزو لاینفک ہیں، مگر ہمارے معاشرے اور شہر کا المیہ یہ ہے کہ صاحبان طاقت و اقتدار اپنی عوام کے بارے میں ظالم اور کمزور کے معاملے میں ظالم تر ہیں۔ عوام سے وسائل اکٹھا کرنے میں جابر جبکہ انہیں سہولت فراہم کرنے کے معاملے میں مکمل ناکام، بلکہ عوام کے وسائل کو ہڑپنا، مختلف حیلے بہانوں اور کاغذی ترقیاتی اسکیموں کے نام پر ان وسائل کو بے دریغ اپنی عیاشیوں کی نذر کرنا ان کا محبوب ترین مشغلہ ہے۔

ایسے میں جماعت اسلامی کے نظم کے تحت پبلک ایڈ کراچی نے عام آدمی کے مسائل کو عوامی سطح پر اجاگر کر کے عوامی دباؤ کے ذریعے حل کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

گذشتہ چار سالوں میں اس عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لیے پبلک ایڈ جماعت اسلامی نے ہر کوشش کی۔ عوامی سطح پر احتجاج کے ذریعے پاکستان کو 56 فیصد سے زائد ریونیو دینے والے کراچی شہر کے ساتھ مسلسل روا رکھے جانے والے رویے، شہر کو لٹیروں اور غاصبوں کے حوالے کردینے اور اس کے تمام وسائل پر حق جما کر لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رکھنے والوں کی درست نشاندہی کی اور عوام کو ان کے اصل دشمنوں کی پہچان کرائی۔

عوامی دباؤ کے ذریعے ان کے مسائل کے حل کی ترکیب نے درست کام کیا۔ یہ طریقہ کار نہ صرف عوامی سطح پر پذیرائی کا باعث بنا بلکہ عوام تک یہ پیغام بھی پہنچ گیا کہ ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔

پبلک ایڈ نے اپنی کاوشوں کا دائرہ نچلی سطح تک پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں اب عام آدمی کی کثیر تعداد روزانہ ادارہ نور حق کا رخ کرتی ہے، اس امید کے ساتھ کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پبلک ایڈ جماعت اسلامی کراچی نے ویب پورٹل کا اجراء کیا ہے۔ امید ہے کہ اس ڈیجیٹل اپلیکیشن پراسیس کے ذریعے پبلک ایڈ عوامی خدمت کا کام مزید احسن انداز میں انجام دے گی۔

Najeeb Ayubi جنرل سیکریٹری، پبلک ایڈ
ہوم درج ٹریک